برسبین میں کورونا پابندیوں کی سختیوں کے باعث بھارتی کرکٹرز ہوٹل میں کمروں تک محدود ہوگئے۔
کھلاڑیوں کو کمروں کی صفائی اور ٹوائلٹس خود صاف کرنے ہوں گے اور کھانا ایپس کے ذریعے آرڈر کر کے منگوانا ہوگا۔
جم اور سوئمنگ پول کی بنیادی سہولت سے بھی کھلاڑی محروم رہیں گے اور تمام امور انہیں خود ہی نمٹانے ہوں گے۔
سخت پابندیوں پر بھارتی بورڈ نے آسٹریلوی بورڈ سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں کھلاڑیوں کی پریشانیوں سے آگاہ کیا جائے گا۔
جمعے سے شروع ہونے والے سیریز کے آخری ٹیسٹ میں بھارتی کھلاڑیوں کو میدان سے باہر بھی کڑے امتحان سے گزرنا پڑے گا۔
نومبر میں دورے پر پہنچنے والی بھارتی ٹیم نے 14 روزہ قرنطینہ کیا اور بی سی سی آئی کو یقین دہانی کروائی گئی تھی کہ مہمان کھلاڑیوں کے ساتھ زیادہ سختی نہیں کی جائے گی۔
برسبین میں حکومت کی جانب سے سخت پابندیاں عائد کیے جانے کے بعد کھلاڑیوں کو بھی ایس او پیز پر عمل کرنا ہوگا۔
واضح رہے کہ دورہ نیوزی لینڈ کے لیے پاکستانی کھلاڑیوں کو اسی طرح کی ذہنی کوفت اور اذیت اٹھانی پڑی تھی، 14 روز تک پلیئرز ہوٹل کے کمروں تک ہی محدود تھے اور انہیں میل جول سمیت پریکٹس کی بھی اجازت نہیں تھی۔