کراچی: قومی ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شان مسعود اور حارث سہیل کو ٹیم میں برقرار رکھا جانا چاہئے۔
تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف نے یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اوپنر شان مسعود اور حارث سہیل کو ایک موقع اور ملنا چاہئے ، نیوزی لینڈ میں پرفارم نہ کرنے والے دونوں کھلاڑی ہوم سیریز میں اپنے کھوئی فارم دوبارہ بحال کرسکتے ہیں۔
سابق وکٹ کیپر بیٹسمین کا کہنا تھا کہ ہوم سیریز میں شامل کیے جانے سے شان مسعود اور حارث سہیل کا اعتماد بحال ہوگا۔
راشد لطیف کا کہنا تھا کہ فاسٹ بولر حسن علی کو بھی ٹی ٹوینٹی ٹیم میں شامل کیا جاسکتا ہے، واضح رہے کہ حالیہ قائد اعظم ٹرافی میں حسن علی ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے۔
مزید پڑھیں: جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز، قومی ٹیسٹ ٹیم کا اعلان کب ہوگا؟
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں کہ حسن علی کو ابھی ٹیسٹ کرکٹ نہیں کھیلنی چاہئے کیونکہ وہ ابھی انجری سے صحت یاب ہوئے ہیں، انہیں احتیاط سے استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔
راشد لطیف نے کہا کہ حسن علی کی ٹی ٹوینٹی ٹیم میں شمولیت بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں ٹیم کے لیے فائدہ مند ثابت ہوسکتی ہے۔
واضح رہے کہ چیف سلیکٹر محمد وسیم ٹیسٹ سیریز کے لیے 15 جنوری کو قومی اسکواڈ کا اعلان کریں گے، پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹیسٹ 26 جنوری کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔