لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے پناہ گاہ کا دورہ کیا اس دوران بزرگ شہری آبدیدہ ہوگیا، فردوس عاشق اعوان بزرگ شہری کو حوصلہ دیتی رہیں۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق بے سہاروں کو پناہ گاہ فراہم کی، ریڑھی والے ، چھاپڑے والوں کے لیے انتظامات کیے جارہے ہیں، سماجی تنظیم کی مدد سے منصوبے کے لیے کام کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں تمام مخیر حضرات کا شکریہ ادا کرنے اور یہاں کام کرنے والے رضاکاروں کو پیغام دینے آئی ہوں۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مزدوروں کے لیے درختوں کے نیچے فٹ پاتھوں پر چند فٹ جگہ دستیاب نہیں تھی، دکھی انسانیت کو سینے سے لگایا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں عوام کے ٹیکس کی رقم سے ایون فیلڈ، جاتی امرا جیسے محلات بنائے گئے، ملک میں علاج کے لیے شاہی خاندان نے کسی بھی اسپتال کو مناسب نہیں سمجھا۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا حکومت غریب طبقات کو تنہا نہیں چھوڑے گی، وزیر اعلیٰ پنجاب وزیراعظم عمران خان کے ویژں کو پورا کررہے ہیں۔