سائنس دانوں نے اپنی نئی تحقیق میں انکشاف کیا ہے کہ کوروناوائرس سے صحت یابی کے بعد مریض اس وبائی مرض سے کئی ماہ تک محفوظ رہتے ہیں۔
برطانیہ میں ہونے والی تحقیق کے مطابق کووڈ 19 کے شکار بیشتر مریضوں کو اس وائرس سے کم از کم 5 ماہ کے لیے تحفظ ملتا ہے، کورونا سے صحت یاب ہونے والے مریضوں میں دوبارہ بیماری کا خطرہ اس مرض سے ہمیشہ محفوظ رہنے والوں کے مقابلے میں 83 فیصد تک کم ہوتا ہے۔ تاہم بعض کیسز میں معاملہ مختلف ہوسکتا ہے۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ کچھ کیسز میں مریض 5 مہینے سے پہلے بھی بیمار ہوسکتے ہیں۔ محققین کا کہنا ہے کہ ریسرچ کے بعد سامنے آنے والے نتائج حوصلہ افزا ہیں کیونکہ ان سے عندیہ ملتا ہے کہ کورونا کے خلاف تحفظ توقع سے زیادہ عرصے تک ملتا ہے، مگر اس تحفظ کو مکمل اور حتمی بھی نہیں کہا جاسکتا۔
کورونا کے خلاف قوت مدافعت سے متعلق نیا انکشاف
سائنس دانوں کے مطابق کئی کیسز میں کورونا دوبارہ حملہ آور ہوتا ہے اور اگلی بار اس کی شدت زیادہ ہوسکتی ہے، لہذا مرض سے صحت یابی کے بعد خود کو ہمیشہ محفوظ سمجھنا غلط ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بعض دفع کورونا انسانوں میں ہوتا ہے اور صحت یابی کے بعد دوبارہ بھی منتقل ہوجاتا ہے لیکن ہم اس کا اندازہ نہیں کرپاتے اس طرح وائرس درجنوں افراد تک منتقل ہوچکا ہوتا ہے، یہی وجہ ہے کہ اب احتیاطی تدابیر پر عمل کرکے زندگیاں بچائی جائیں اور یہ سلسلہ مستقبل میں ختم ہوتا نظر نہیں آرہا۔
اس تحقیق کے دوران ماہرین نے گزشتہ سال نومبر سے جون کے درمیان 21 ہزار طبی ورکز کے مسلسل ٹیسٹ کیے تاکہ پتا لگایا جاسکے کہ وہ کب کورونا میں مبتلا ہوئے یا ہمیشہ محفوظ رہے یا پھر وبا کا شکار ورکز میں دوبارہ وائرس کب داخل ہوا۔ تحقیق میں شامل جن افراد میں کسی قسم کی اینٹی باڈیز موجود نہیں وہ کبھی بیمار نہیں ہوئے۔
جبکہ 318 میں ممکنہ طور پر پہلی بار بیماری کی تشخیص ہوئی۔ جبکہ 6614 میں اینٹی باڈیز کو دریافت کیا گیا، ان افراد میں سے صرف 44 میں دوبارہ کووڈ 19 کی تشخیص ہوئی اور ان میں 90 دن بعد دوبارہ علامات ظاہر ہوئیں۔ یہ ریسرچ اب بھی اپنے دیگر مرحلے میں داخل ہے جہاں مختلف امور کے نتائج سامنے آنا باقی ہیں۔