اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف نے کسی سیاسی جماعت سے اتحاد کے بغیر آزاد کشمیر کے انتخابی میدان میں اترنے کا فیصلہ کرلیا، امیدواروں کے انتخاب کے طریقہ کار کا جلد اعلان کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر میں آئندہ انتخابات کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف نے حکمت عملی کوحتمی شکل دے دی ، اس سلسلے میں چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی سے صدرپی ٹی آئی آزادکشمیر سلطان محمود کی ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں پی ٹی آئی نے کسی سیاسی جماعت سے اتحاد کے بغیرآزاد کشمیر کے انتخابی میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا ، اس حوالے سے چیف آرگنائزرسیف اللہ نیازی نےصدرپی ٹی آئی آزاد کشمیرکوہدایات دے دیں۔
اس موقع پر چیف آرگنائزرسیف اللہ نیازی نے کہا تحریک انصاف آزاد کشمیرمیں متحرک اورمقبول ہوچکی ہے، انتخابی اتحاد کے بغیر انتخابی میدان میں اتریں گے، آزاد کشمیرکی سیاسی شخصیات شمولیت کیلئے رابطےمیں ہیں۔
سیف اللہ نیازی کا کہنا تھا کہ کرپشن کےحوالےسےجماعتی حکمت عملی پرسمجھوتہ نہیں کریں گے ، بہترین ساکھ کی سیاسی شخصیات کیلئےکمیٹی کام کررہی ہے، بہترین صلاحیتوں اورکردارکی حامل شخصیات کا خیر مقدم کریں گے۔
امیدواروں کےانتخاب کے طریقہ کارکا جلداعلان کیاجائےگا، وزیراعظم کے ویژن پرجامع حکمت عملی کیساتھ میدان میں اتریں گے اور ریاستی اسمبلی کے آئندہ انتخابات میں واحد اکثریتی جماعت بن کرابھریں گے۔