اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری، علی زیدی، فہمیدہ مرزا ، عامر لیاقت سمیت دیگر اراکین کی رکنیت معطل کر دی، اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے پر رکنیت معطل کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ کے 3 اور قومی اسمبلی کے 48 اراکین کی رکنیت معطل کردی ، رکنیت اثاثوں کے گوشوارے جمع نہ کرانے پر معطل کی گئی۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ رکنیت معطل کئے جانے والوں میں کے پی اسمبلی کے 26،بلوچستان اسمبلی کے6اراکین ، پنجاب اسمبلی کے52 اور سندھ اسمبلی کے19اراکین شامل ہیں جبکہ 1195میں سےایک ہزار31اراکین نے گوشوارے جمع کرائے۔
اس حوالے سے الیکشن کمیشن نے چیئرمین سینٹ، قومی اسمبلی کے اسپیکر اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے اسپیکرز کو خطوط ارسال کردیے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق مصدق ملک ، کامران مائیکل اور شمیم آفریدی کی سینیٹ کی رکنیت معطل ہوئی جبکہ فہمیدہ مرزا،علی زیدی،عامر لیاقت، خالد مقبول ، مائزہ حمید ، شاندانہ گلزار ، علی نواز،فوادچوہدری ، رحمان کانجو قومی اسمبلی کی رکنیت معطل ہونےوالوں میں شامل ہیں۔
سندھ اسمبلی کے اراکین میں اکرام اللہ خان، ناصرحسین شاہ،تیمورتالپور ،امداد پتافی ، مکیش چاولہ، سردارخان چانڈیو رکنیت معطل ہونے والوں میں شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ 154معطل اراکین کام نہیں کرسکیں گے، گوشوارے جمع کرانے تک رکنیت معطل رہے گی۔