اسلام آباد: حکومت نے ملک بھر میں عوام کو کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین مفت لگانے کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے نیوز کانفرنس میں اعلان کیا کہ حکومت کی جانب سے ویکسین بغیر کسی چارج کے مفت فراہم کی جائے گی۔
ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا ہم نے رجسٹریشن کا عمل شروع کر دیا ہے، ملک بھر میں کرونا ویکسین مفت لگائی جائے گی، پہلے مرحلے میں طبی عملے اور 60 سال کی عمر سے زائد افراد کو ویکسین لگائی جائے گی۔
معاون خصوصی نے کہا پاکستان کے لیے ابتدائی طور پر 2 کروڑ ڈوز حاصل کی جائیں گی، رواں سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران 10 لاکھ ڈوز کے قابل ہوں گے، ویکسین حاصل کرنے کے لیے چین کی مدد لی جائے گی، برطانوی سفیر سے بھی مفید بات چیت ہوئی ہے۔
انھوں نے کہا سائنو فارم اور کنسائنو نامی کمپنیوں سے کرونا ویکسین کی فراہمی کے لیے گفتگو جاری ہے، ویکسین کی خریداری کے ساتھ اس کی نقل و حرکت اور ذخیرے کے لیے اقدامات بھی ضروری ہیں، ویکسین فراہم کرنے کا طریقہ کار بنایا جا رہا ہے، حکومت کی جانب سے ہر ممکن اقدام کیا جا رہا ہے۔
ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا ڈریپ نے 2 کرونا ویکسینز کی منظوری دی ہے، کرونا ویکسین سائنو فارم کی افادیت 80 فی صد ہے، سائنو فارم یو اے ای سمیت کئی ممالک میں استعمال کی جا رہی ہے، پاکستان میں ویکسین ٹرائلز میں 17500 افراد نے حصہ لیا تھا، کرونا ویکسین کی بڑی ڈیمانڈ ہے، حکومت کی تمام مشینری ویکسین کے لیے فعال کر دی گئی ہے۔
انھوں نے مزید بتایا کہ ویکسین سے متعلق ایک تکنیکی ٹیم بھی بنائی گئی ہے، جو ویکسین کے سائیڈ ایفیکٹس اور فراہمی سے متعلق تکنیکی معاملات دیکھے گی، زیادہ آبادی والے ممالک میں تمام آبادی کو ویکسین کی فراہمی آسان نہیں، کرونا ویکسین عوام تک پہنچانا چھوٹا قدم نہیں، حکومت اس کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔