عمان نے کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیشِ نظر زمینی سرحدوں کی بندش میں ایک ہفتے کی توسیع کر دی۔
عمانی میڈیا کے مطابق کورونا انسداد کے لیے بنائی گئی سپریم کمیٹی نے گزشتہ اتوار کو فیصلہ کیا تھا کہ ایک ہفتے کے لیے زمینی سرحدوں کو بند کیا جائے گا۔
فیصلہ پر عملدرآمد پیر 18 جنوری کی صبح سے شروع ہوا جو پورے ایک ہفتے تک برقرار رہا، اب کمیٹی نے سرحدوں کی بندش میں ایک ہفتے کی توسیع کر دی ہے۔
توسیع کے بعد عمان کی بری سرحدیں یکم فروری تک بند رہیں گی۔
یہ فیصلہ کمیٹی نے تکنیکی ماہرین کی مشاورت سے کورونا کی نئی قسم سامنے آنے کے بعد کیا ہے اور اقدام کا مقصد سماجی تحفظ ہے۔
کمیٹی نے شہریوں کی جانب سے احتیاطی تدابیر نظر انداز کیے جانے سے بڑھتے کورونا کیسز پر تشویش کا اظہار کیا اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پر جرمانے اور سزاوں پر سختی سے عملدرآمد کرنے کی ہدایت کی۔
سپریم کمیٹی نے زور دیا کہ شہری وبا سے بچاو کے لیے پابندیوں پر عمل پیرا ہوتے ہوئے اس جدوجہد میں اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کریں۔