ریاض: سعودی عرب کے ماہرین فلکیات نے چاند کے خانہ کعبہ کے عین اوپر آنے کے دن اور تاریخ کا اعلان کردیا۔
واضح رہے کہ جب چاند خانہ کعبہ کے عین اوپر ہوتا ہے تو اس کی مدد سے دنیا بھر میں بسنے والے فرزندان اسلام کو قبلۂ رخ کی درست سمت جاننے کا موقع بھی مل جاتا ہے۔
عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے ماہرین فلکیات نے بتایا کہ رواں برس 2021 کا پہلا اپنی نوعیت کا منفرد واقعہ 28 جنوری بروز جمعرات کو اُس وقت پیش آئے گا جب چاند بیت اللہ شریف کے عین اوپر ہوگا۔
فلکیاتی سوسائٹی کے سربراہ انجینئر ماجد ابو زاہرہ نے بتایا کہ جمعرات کے روز غروبِ آفتاب کے ساتھ ہی چاند شمال مشرق کے شمالی حصے سے اُفق پرطلوع ہو گا۔
بعد ازاں یہ شمال مغرب کے شمالی افق میں غروب ہو گا۔ انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب میں جمعرات کی شب مقامی وقت کے مطابق رات 10:16 منٹ پر چاند عین بیت اللہ کے اوپر ہو گا۔
اُن کا کہنا تھا کہ یہ دنیا کے مختلف ممالک میں بسنے والے مسلمانوں کے لیے موقع ہو گا کہ وہ چاند کو دیکھ کر قبلے کی درست سمت کا تعین کر لیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ماضی میں بھی لوگ اس مقصد کے لیے یہ طریقہ اختیار کرتے تھے۔