کراچی: شہر قائد کے علاقے کورنگی میں موٹر سائیکل سوار ملزمان نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر بیٹی کے سامنے باپ کو گولی ماردی۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی اللہ والا ٹاؤن میں ڈکیتی مزاحمت پر موٹر سائیکل سوار ملزمان نے بیٹی کے سامنے باپ کو گولی ماردی، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شہری نے موٹر سائیکل روک کر اترنے کی کوشش کی تو ملزمان نے گولی ماری، پولیس کی جانب سے تاحال ملزمان کو گرفتار نہیں کیا جاسکا ہے۔
ذرائع کے مطابق طاہر نامی شخص کو فوری طبی امداد دی گئی جس کی حالت اب خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز کا کہنا ہے کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کے سینکڑوں واردات رونما ہوتے ہیں جس میں شہریوں کو قیمتی اشیا سے محروم کردیا جاتا ہے، جبکہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر شہریوں کو فائرنگ کرکے قتل کردیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے لائٹ ہاؤس میں ڈکیتی مزاحمت پر تاجر کو قتل کردیا گیا تھا، تاجروں نے احتجاج کرتے ہوئے مارکیٹ بند کردی تھی۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آئی تھی جس میں دیکھا گیا کہ تینوں ملزمان ایک ہی موٹر سائیکل پر فرار ہونے لگے، ملزمان کچھ دور پہنچے تو تاجر دانش نے اسٹول کھینچ کر مارنا چاہا، ملزمان نے اسٹول اٹھاتے دیکھا تو دور سے گولی مار دی، تاجر دانش کو لگنے والی گولی جان لیوا ثابت ہوئی۔