کویت سٹی: کویت کی پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت (پی اے ایم) نے غیر ملکی کارکنان کے حقوق کے لیے خصوصی پاور آف اٹارنی کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت وہ اپنے مالی واجبات وصول کرسکیں گے۔
کویتی میڈیا کے مطابق غیر ملکی کارکنوں کے حقوق کو برقرار رکھنے کے لیے خصوصی پاور آف اٹارنی جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اتھارٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کویت سے باہر پھنسے افراد جن کے ورک پرمٹ (اقامہ) منسوخ کردیے گئے ہیں، وہ اپنے مالی واجبات ایک خصوصی پاور آف اٹارنی کے ذریعے حاصل کرنے کا دعویٰ کر سکتے ہیں۔
اس پاور آف اٹارنی کے اجرا کے بعد کارکنان اپنے مالی واجبات حاصل کرنے کا حق رکھتے ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ وہ غیر ملکی جو ملک سے باہر پھنسے ہوئے ہیں اور ان کے ورک پرمٹ منسوخ کردیے گئے ہیں، اپنے ثبوت کے ساتھ خصوصی وکیل کے ذریعے لیبر کا مقدمہ دائر کرسکتے ہیں۔
ترجمان نے واضح کیا کہ ورک پرمٹ کی تجدید نہ ہو پانا کارکن اور کفیل کے درمیان متعلقہ معاملہ ہے جبکہ ویزا کی تجدید قانون میں موجود قانونی ضوابط اور دونوں فریقین کی خواہش سے مشروط ہے جو ایک فریق دوسری پارٹی پر مسلط نہیں کرسکتا۔