کراچی: سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف بابر اعظم نے اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میں زبردست کپتانی کی، فواد عالم کی بیٹنگ بھی شاندار رہی، کراچی ٹیسٹ میں کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے کہا کہ فواد عالم نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں، ویہ یہاں فرسٹ کلاس کرکٹ میں دس سنچریاں بنا چکے ہیں، پاکستان کی پہلی اننگز میں فواد عالم اور اظہر علی کی پارٹنر شپ میچ کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ 27 رنز پر چار وکٹیں گرنے کے بعد جس انداز میں فواد عالم اور اظہر علی نے اپنے تجربے کا استعمال کرتے ہوئے بیٹنگ لائن کو سنبھالا وہ قابل ستائش ہے۔
انضمام الحق نے کہا کہ مشکل کنڈیشنز میں تجربہ کار کھلاڑی اپنی قابلیت کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہیں، فواد عالم اور اظہر علی نے بھی پاکستان کے لیے یہی کردار ادا کیا۔
سابق کپتان نے کہا کہ فہیم اشرف نے بھی 64 رنز کی شاندار اننگز کھیلی پھر حسن علی، نعمان علی اور یاسر شاہ نے بھی بہتر بیٹنگ کی، ٹیل اینڈرز کے رنز نے میچ میں پاکستان کی پوزیشن مضبوط کی۔
انضمام الحق نے کہا کہ دوسرے ٹیسٹ میچ سے قبل پاکستان کو اوپنرز کا مسئلہ حل کرنا ہوگا، دونوں اوپنرز عابد علی اور عمران بٹ کو مزید موقع دیا جائے، عابد علی ہوم کنڈیشنز پر رنز کرسکتے ہیں جبکہ عمران بٹ نے ابھی ایک ہی میچ کھیلا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے جنوبی افریقہ کو پہلے ٹیسٹ میں 7 وکٹوں سے شکست دی تھی، دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا اور آخری ٹیسٹ 4 فروری کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔