ملتان: پاکستان پیپلز پارٹی نے سابق وزیر اعظم یوسف رضاگیلانی کو سینیٹ الیکشن لڑانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پیپلز پارٹی نے یوسف رضاگیلانی کی کامیابی کے لیے رابطے تیز کر دیے، ذرائع کا کہنا ہے کہ یوسف گیلانی کامیابی کے بعد پی پی کی جانب سے چیئرمین سینیٹ کے لیے بھی امیدوار ہوں گے۔
یاد رہے کہ یکم فروری کو وزیر اعظم عمران خان نے اتحادی امیدوار کامل علی آغا کو سینیٹ الیکشن کے لیے ٹکٹ دینےکی منظوری دی تھی۔
آج وزیر اعظم کو پی ٹی آئی پارلیمانی بورڈ اجلاس میں سینیٹر بننے کے خواہش مند افراد کی فہرست پیش کی گئی ہے، عمران خان نے کہا سینیٹ کے لیے ٹکٹ میرٹ پر دیں گے، ہم چاہتے ہیں سینیٹ انتخابات میں پیسہ نہ چلے، جو ایوان میں پارٹی کے لیے بہتر ہوگا اسے سینیٹر بنائیں گے۔
‘سینیٹ الیکشن کا شیڈول 11فروری کو جاری ہوگا’
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان سینیٹ الیکشن کا شیڈول 11 فروری کو جاری کرے گا اور ایک امیدوار کے لیےانتخابی اخراجات کی حد 15 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے، متوقع امیدواروں کے لیے کاغذات نامزدگی فراہمی کا آغاز بھی آج سے کر دیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ کاغذات مرکز اور چاروں صوبائی سیکریٹریٹ سے حاصل کیے جا سکتے ہیں، امیدوار کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت پارٹی ٹکٹ منسلک کریں گے، آزاد امیدوار پارٹی ٹکٹ منسلک کرنے سے مبرا ہوں گے۔
سینیٹ انتخابات 48 نشستوں پر ہوں گے، جن میں پنجاب سندھ میں 11 گیارہ، بلوچستان خیبر پختون خواہ میں 12 بارہ نشستوں پر ووٹنگ ہوگی جب کہ اسلام آباد کی 2 سینیٹ نشستوں پر پولنگ ہوگی۔