ممبئی: بالی ووڈ کے سینئر اور مسلمان اداکار نصیر الدین شاہ نے کسانوں کی حمایت کا اعلان کیا جبکہ مظاہرین کی حوصلہ افزائی کے لیے بھی وہ میدان میں آگئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق نصیر الدین شاہ نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کسانوں کے حق میں آواز بلند کرتے ہوئے کہا کہ ’مودی حکومت سے زیاد کسان اپنے حقوق کے بارے میں جانتے ہیں‘۔
اُن کا کہنا تھا کہ ’ایسے موقع پر خاموشی اختیار کرنا، دراصل ظالم کا ساتھ دینے کے مترادف ہے‘۔
نصیر الدین شاہ نے ساتھی اداکاروں کو خاموشی پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’بالی ووڈ سے وابستہ افراد اتنا کما چکے ہیں کہ ان کی نسلیں آرام سے بیٹھ کر کھاسکتی ہیں تو پھر انہیں سچ بولنے سے کیوں خوف آتا ہے۔؟‘
اُن کا کہنا تھا کہ ’حکومت کے متنازع قوانین کے خلاف احتجاج کرنے والے کسان ہمت اور بہادری کی مثال ہیں، میں اور بھارت کے لاکھوں لوگ کسانوں پر ہونے والے ظلم کے خلاف ہیں، اس لیے ہم اُن کا ساتھ دے رہے ہیں‘۔
مزید پڑھیں: کسان تحریک، مظاہرین کا بچوں کی شادیوں کے سلسلے میں انوکھا قدم
یہ بھی پڑھیں: کسانوں کی حمایت پر بھارت میں مقدمہ، گریٹا نے خاموشی توڑ دی
واضح رہے کہ بھارتی حکومت کے متنازع زرعی قوانین کے خلاف گزشتہ دو ماہ سے بھارتی کسان احتجاج پر بیٹھے ہوئے ہیں، بھارتی حکومت نے مظاہرین سے بات کرنے کی کوشش کی تو انہوں نے صاف انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ قوانین کی واپسی تک اپنے گھروں کو نہیں جائیں گے۔
بھارتی حکومت کے احکامات پر پولیس نے مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن بھی کیا جبکہ متعدد کسانوں کو حراست میں لے کر لاپتہ کیا، مگر حکومت کے اوچھے ہتھکنڈے بھی کسان مظاہرین کے عزم کے آگے ناکام ہوگئے۔