راولپنڈی: پاک فوج نے حال ہی میں مکسڈ مارشل آرٹس کے مقابلے میں بھارتی حریف کو ناکوں چنے چبوانے والے احمد مجتبیٰ کو بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان کا فخر،مکسڈ مارشل آرٹس کے مایہ ناز کھلاڑی احمد مجتبیٰ نے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار سے ملاقات کی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر سے ملاقات کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں احمد مجتبیٰ کا کہنا تھا کہ ملاقات میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے بہت حوصلہ دیا اور بھرپور تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔
Met @OfficialDGISPR today. I am humbled by the encouragement and support. I request our youth to have faith in Allah & follow the principles of hard work and commitment. #ALLAHOAKBAR #Wolverine #mygym @ImranKhanPTI pic.twitter.com/WNiEHfU9k3
— Ahmed Wolverine Mujtaba (@ahmedwolverine1) February 10, 2021
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں احمد مجتبیٰ نے نوجوانوں کو پیغام دیا کہ نوجوان اللہ رب العزت پر کامل یقین رکھیں، سخت محنت کا اصول اپنائیں اور کام کےساتھ پُرعزم رہیں۔
واضح رہے کہ یوم کشمیر کے روز احمد مجتبیٰ نے سنگاپور میں منعقدہ مقابلے میں بھارتی حریف راہول راجو کو محض 56 سیکنڈ میں ڈھیر کردیا تھا، میچ سے قبل احمد مجتبیٰ نے وعدہ کیا تھا کہ وہ یوم یکجہتی کشمیر کے روز ہونے والے مقابلے میں بھارتی کھلاڑی کو شکست دینے کی بھرپور کوشش کریں گے اور پھر اس فتح کو کشمیری عوام کے نام کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: انٹرنیشنل مقابلہ، پاکستانی فائٹر نے 56 سیکنڈز میں بھارتی کھلاڑی کو زیر کردیا
بھارتی کھلاڑی راہول عرف کیرالا کروشر کا کہنا تھا کہ وہ اس بات پر حیران ہیں کہ ایک منٹ کے اندر ہی احمد مجتبیٰ نے انہیں شکست دے دی،واضح رہے کہ احمد مجتبیٰ اب تک 3 انٹرنیشنل فائٹس میں فتح حاصل کرچکے ہیں جبکہ مجموعی کیریئر کی بات کی جائے تو انہوں نے دس مقابلوں میں حصہ لیا جن میں سے 8 میں فتح حاصل کی۔