کراچی: جامعہ کراچی کے اساتذہ نے سرکاری ملازمین کے حق میں احتجاج کیا، اس دوران گرفتاریوں اور تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اسلام آباد میں سرکاری ملازمین کا تنخواہوں میں اضافے کے لیے احتجاج ہوا لیکن اس دوران انتظامیہ نے مظاہرین پر لاٹھی چارج شروع کردیا اور متعدد ملازمین کو گرفتار بھی کیا۔
ملازمین کے حق میں آج جامعہ کراچی میں اساتذہ نے مظاہرہ کیا، اساتذہ نے سرکاری ملازمین پر تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور سرکاری ملازمین کے ساتھ مکمل اظہار یک جہتی کا اعلان کیا۔
جامعہ کراچی کے اساتذہ نے گرفتار ملازمین کی رہائی کا مطالبہ بھی کیا۔
سرکاری ملازمین کا احتجاج رنگ لے آیا،وزیراعظم نے تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دے دی
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی تجاویز کی منظوری دے دی ہے، نوٹیفکیشن جاری کرنے کے بعد اعلان کیا جائے گا۔ وزیراعظم سے سرکاری ملازمین سے مذاکرات کرنے والی حکومتی کمیٹی کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں سرکاری ملازمین کے دھرنے پر بات چیت کی گئی۔