کراچی : پاکستان سپر لیگ سیزن 6 (پی ایس ایل ) میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کےلیے غیر ملکی کھلاڑی کراچی پہنچنا شروع ہوگئے۔
پاکستان سپر لیگ سیزن 6 میں شرکت کےلیے غیر ملکی کھلاڑیوں کی شہر قائد آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا، کراچی کنگ کے چیڈویک والٹن اور نور احمد کراچی پہنچ گئے۔
پشاور زلمی کے کوچ ڈیرن سیمی کی کراچی آمد آج متوقع ہے البتہ کامران اکمل سمیت پشاور زلمی کے ملکی کھلاڑی کراچی میں ہی موجود ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد یونائٹیڈ، کوئٹہ گلیڈر ایٹرز اور لاہور قلندرز کے کھلاڑیوں نے بھی کراچی کا رخ کرلیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فرنچائز کے اسکواڈ مکمل ہونے پر کرونا وائرس کے ٹیسٹ ہوں گے اور رپورٹ کلیئر آنے پر کھلاڑی اور آفیشلز بائیو سیکیور ببل میں جائیں گے۔
واضح رہے کہ فرنچائز ٹیموں کے ٹریننگ سینشنز 14 فروری سے شیڈول ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن 6 کا رنگا رنگ میلہ 20 فروری سے شروع ہورہا ہے، دفاعی چیمپئن کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز افتتاحی میچ میں آمنے سامنے ہونگے۔