کراچی: بیرون ملک مقیم ہزاروں پاکستانیوں نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کھلوا لیے۔
تفصیلات کے مطابق گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے کہا ہے کہ 97 ممالک میں مقیم 86 ہزار پاکستانیوں نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کھلوائے ہیں۔
گورنر اسٹیٹ بینک کے مطابق اب تک روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں 48 کروڑ ڈالر آ چکے ہیں۔
کراچی میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کی تقریب سے خطاب میں رضا باقر نے کہا وزیر اعظم کا وژن ہے کہ سمندر پار پاکستانیوں کے لیے بینکاری آسان ہو جائے، اس ٹیکنالوجی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سمندر پار پاکستانی آسانی سے بینکاری کر سکیں گے۔
تقریب سے خطاب میں وزیر اعظم کے مشیر برائے اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین نے کہا روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ اسٹیٹ بینک اور حکومت پاکستان کی مشترکہ کاوش ہے، اب شہری گھر بیٹھے بینک اکاؤنٹ کھول سکتے ہیں۔
ڈاکٹر عشرت حسین کا کہنا تھا پاکستانی بیرون ملک سے بھی جائیداد اور اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ فروری میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ پروگرام کے تحت میسر آنے والی سہولیات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا تھا، جس میں بتایا گیا کہ روزانہ کی بنیاد پر 600 سے700 اکاؤنٹس کھل رہے ہیں، اور روزانہ 6 سے 7 ملین ڈالرز کی ترسیلات اور ادائیگیاں ہو رہی ہیں۔