تازہ ترین

وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منگل کو ہوگا

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منگل کو ہوگا، اجلاس میں کراچی میں فیڈرل سروسز ٹربیونل دفتر تعمیر کرنے کی اجازت سمیت متعدد امور زیر غور آئیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منگل کو طلب کرلیا گیا، وفاقی کابینہ 8 نکاتی ایجنڈے پر غور کرے گی۔

کابینہ اجلاس میں وفاقی ملازمین کو ڈسپیرٹی ریڈکشن الاؤنس دینے کی منظوری دی جائے گی، اسلام آباد ایئرپورٹ تک میٹرو بس منصوبے پر بریفنگ دی جائے گی۔ اجلاس میں کراچی میں فیڈرل سروسز ٹربیونل دفتر تعمیر کرنے کی بھی اجازت شامل ہے۔

چیئرمین ٹاسک فورس برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام کی بریفنگ، پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ کے بورڈ آف گورنرز کی تشکیل نو کی منظوری اور این ٹی ڈی سی کے ایم ڈی کی تعیناتی کی منظوری بھی اجلاس کے ایجنڈے کا حصہ ہے۔

علاوہ ازیں کابینہ کمیٹی برائے ادارہ جاتی اصلاحات کے گزشتہ اجلاس کے فیصلوں کی توثیق بھی متوقع ہے۔

اس سے قبل 9 فروری کے اجلاس میں وفاقی کابینہ نے ٹیکس قوانین میں ترمیم آرڈیننس 2021 کی منظوری دی گئی تھی، ان ترامیم کا مقصد ڈیجیٹل روشن پاکستان منصوبے میں سہولت کاری ہے۔

گزشتہ اجلاس میں کابینہ نے مختلف شہروں میں مزید 30 احتساب عدالتوں کے قیام کی بھی منظوری دی تھی۔

Comments

- Advertisement -