کراچی: قومی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر سابق کپتان سرفراز احمد کی حمایت میں سامنے آگئے۔
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ ’بابو آپ بھی پاکستان کے نمبر ون وکٹ کیپر ہیں، واضح رہے کہ گزشتہ روز محمد حفیظ نے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کی تعریف کرتے ہوئے انہیں پاکستان کا نمبر ون وکٹ کیپر قرار دیا تھا۔
اس کے بعد سرفراز احمد نے ٹویٹر پر محمد حفیظ کو مخاطب کرتے ہوئے جواب دیا تھا کہ حفیظ بھائی پاکستان کے لیے کھیلنے والے تمام کھلاڑی ملک کے لیے نمبر ون رہے اور اسی کے مطابق ان کی عزت کی جاتی ہے۔
محمد عامر نے لکھا کہ ’بابو آپ بھی پاکستان کے نمبر ون وکٹ کیپر ہیں، آپ کی کپتانی میں ہم ٹی ٹوینٹی کی نمبر ون ٹیم بنے تھے، سب سے بڑھ کر آْپ کی کپتانی میں ہم نے چیمپئنز ٹرافی جیتی، آپ پاکستان کا فخر ہیں۔‘
babu u also a number 1 wicketkeeper batsman in Pakistan or ap ki hi captain the jab team 2 saal team no 1 rhi in t20 or sab se bar kar champions trophy so u are pride of Pakistan big respect or maze ki bat logon kam hai awein ka bolna so enjoy bro😇😇😇😇
— Mohammad Amir (@iamamirofficial) February 13, 2021
فاسٹ بولر نے کہا کہ ’لوگوں کا کام ہے ایسے ہی کچھ بھی بول دیتے ہیں، آپ صرف انجوائے کرو۔‘
واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹی ٹوینٹی میچ میں سنچری بنانے پر محمد حفیظ نے رضوان کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ آپ چمکتے ہوئے ستارے ہو، حیرت ہے کہ آپ کو کب تک یہ ثابت کرنے کی ضرورت ہے کہ آپ تمام فارمیٹس میں پاکستان کے نمبر ون وکٹ کیپر بیٹسمین ہو۔
حفیظ کے ٹویٹ کے جواب میں سرفراز احمد نے کہا تھا کہ حفیظ بھائی پاکستان کے لیے جس نے بھی کھیلا امتیاز احمد، وسیم باری، تسلیم عارف، سلیم یوسف، معین خان، راشد لطیف، کامران اکمل اور اب محمد رضوان سب نمبر ون رہے اور اسی کے مطابق ان کی عزت کی جاتی ہے۔