لاہور: پینٹیرا انرجی ایبک پولو کپ 2021 بی این پولو ٹیم نے جیت لیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور پولو کلب کے زیر اہتمام پینٹیرا انرجی ایبک پولو کپ 2021 کا اختتام ایک شان دار فائنل کے ساتھ ہو گیا، فائنل میچ بی این پولو ٹیم نے جیتا، جس میں زبردست مقابلے کے بعد ری ماؤنٹس کی ٹیم کو 10.5-8 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
تاریخی ایبک کپ کا فائنل دیکھنے کے لیے تماشائیوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی، فائنل ایونٹ کے مہمان خصوصی جنوبی افریقی ہائی کمشن برائے پاکستان مسٹر مدزایکا تھے۔
فائنل دیکھنے کے لیے پینٹیرا انرجی کے سی ای او فرقان علی اختر، ڈائریکٹر مارکیٹنگ تیمور، لاہور پولو کلب کے صدر عمر صادق، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران آغا مرتضیٰ علی خان، شاہ قبلائی عالم، فیروز گلزار، عثمان حئی، ثاقب خان خاکوانی، آغا نجیب رضا، سیکریٹری لیفٹیننٹ کرنل (ر) مدثر شریف اور غیر ملکی کھلاڑیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
فائنل میں بی این پولو اور ری ماؤنٹس کے درمیان زبردست میچ ہوا، بی این پولو کی طرف سے ارجنٹائن سے آئے ہوئے مشہور پولو کھلاڑی جان ماریو رئیوز ٹی ٹو نے 7 گول جب کہ ابھرتے ہوئے نوجوان کھلاڑی راجہ میکائل سمیع نے 2، اور الوکیو سیلسٹینو نے 1 گول اسکور کیا۔
ری ماؤنٹس کی طرف سے اگناسیو نیگری نے 7 گول جب کہ اونٹیو ویری نے 1گول اسکور کیا۔
میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز جان ماریو ٹی ٹو رئیوز کو جب کہ میچ کا سب سے انرجی سے بھرپور کھلاڑی کا اعزاز بابر نسیم کو دیا گیا۔ ٹورنامنٹ کی بہترین گھوڑی کا اعزاز ارجنٹائن سے آئی ہوئی کنیلا کو دیا گیا۔
ادھر سب سڈری فائنل میں ٹیم باڑیز نے دل چسپ مقابلے کے بعد کولونی پولو ٹیم کو 7.5-6 سے ہرا دیا۔
اختتامی تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے جیتنے والی ٹیم کے کپتان جان ماریو ٹی ٹو رئیوز نے کہا کہ ٹیم نے شان دار کھیل پیش کیا جس کی وجہ سے ٹائٹل جیت پائے۔
لاہور پولو کلب کے صدر عمر صادق نے اسپانسر پنیٹیرا انرجی کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔