اسلام آباد : سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر شمالی وزیرستان میں آپریشن کرکے تین دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے جاری کردہ بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے شمالی وزیر ستان میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا گیا ہے۔
ترجمان پاک فوج نے جاری بیان میں کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں دہشتگردوں کے مشتبہ ٹھکانوں پر آپریشن کیا، آپریشن میں علیم خان گروپ کے تین دہشت گرد مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز پر حملے، ٹارگٹ کلگ اور اغوا برائے تاوان میں ملوث تھے۔
شمالی وزیرستان میں آپریشن، 4 دہشت گرد مارے گئے، 2 سپاہی شہید
ترجمان پاک فوج کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے 4 فروری کو بھی میر علی میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کیا گیا تھا، جس میں دہشت گردوں کی جانب سے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی گئی تھی، فائرنگ کے تبادلے میں چار دہشت گرد مارے گئے تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ آپریشن میں نائب صوبیدار امین اللہ اور سپاہی شیر زمین شہید جبکہ 4 جوان زخمی بھی ہوئے تھے۔