سکھر: سندھ ہائی کورٹ نے صوبے میں کتوں کے کاٹنے کے واقعات پر اہم ریمارکس دیتے ہوئے اراکین اسمبلی کے لئے مشکل کھڑی کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ میں صوبے میں کتوں کےکاٹنے کےواقعات روکنے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی، جہاں عدالت نے اہم اور دلچسپ ریمارکس دئیے۔
سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ کے جج جسٹس آفتاب احمد نے دوران سماعت ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ صوبے کے جس علاقے میں کتےکےکاٹنے کا واقعہ پیش آئےگا تو وہاں کا ایم پی اے معطل کیا جائے گا، جس ایم پی اے کےحلقے میں واقعہ پیش آئےگا وہ سینیٹ الیکشن میں ووٹ نہیں دے سکےگا۔
جسٹس آفتاب احمد نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ واقعہ پیش آنے کی صورت میں متعلقہ افسران کی تنخواہ بند اور سرپلس میں رکھاجائے گا، اس موقع پر سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سگ گزیدگی کے واقعات سے ایم پی ایز کا تعلق نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کتوں کیلیے رکھی گئی زہریلی مٹھائی کھانے سے بچی جاں بحق
سرکاری وکیل کے بیان پر جسٹس آفتاب احمد نے کہا کہ ہمیں پتہ ہے کہ افسران آنے والے فنڈز میں سے کسے کمیشن دیتے ہیں، ہمارا منہ نہ کھلوایا جائے تو بہتر رہےگا، عوام کا تحفظ کرنا ایم پی ایز کا فرض ہے، لوگوں کاتحفظ یقینی بنایا جائے، بعد ازاں کیس کی سماعت سولہ مارچ تک ملتوی کردی گئی۔