ابوجا: نائجیریا کی ریاست زمفرا میں شدت پسندوں نے تعلیمی درس گاہ پر حملہ کرتے ہوئے تین سو سے زائد طالبات کو اغواء کرلیا جن کی بازیابی کے لیے حکومت سرگرم ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق نائیجیریا کی مغربی ریاست زمفرا میں اسکول سے طالبات کو اغواء کرنے کا ایک اور واقعہ پیش آیا ہے۔ اسکول انتطامیہ کا کہنا ہے کہ مسلح افراد کے حملے کے بعد 300 سے زائد طالبات غائب ہیں۔
اس حوالے سے غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شدت پسندوں کی جانب سے مسلح حملہ اس وقت کیا گیا جب اسکول میں درس و تدریس کا عمل معمول کے مطابق جاری تھا۔
مسلح افراد نے اسکول پر حملہ کیا، جس کے بعد وہ طالبات کو اغوا کرکے لے گئے جن کی تلاش جاری ہے، اسکول ٹیچرز نے میڈیا کو بتایا کہ اسکول سے300سے زائد لڑکیاں لاپتہ ہیں۔
اس سلسلے میں نائجیریا کے حکومتی عہدیداران کا کہنا ہے کہ معاملے کو سنجیدگی سے لے رہے ہیں، سیکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے مغویوں کی بازیابی کیلیے چھاپہ مار کارروائیاں مسلسل جاری ہیں۔
مزید پڑھیں : شدت پسندوں کا تعلیمی درس گاہ پر حملہ، سو سے زائد طالبات اغواء
یاد رہے کہ اس سے قبل فروری 2018 میں شدت پسندوں نے تعلیمی درس گاہ پر حملہ کرکے سو سے زائد طالبات کو اغواء کیا تھا۔
اس کے علاوہ تقریبا چار سال قبل اسی شدت پسند تنظیم نے چیبوک کے ایک اسکول سے 276 لڑکیوں کو اغوا کر لیا تھا جس کے نتیجے میں دنیا بھر میں برنگ بیک آور گرلز کی مہم نظر آئی تھی۔ ان میں سے ابھی بھی ایک سو سے زیادہ لڑکیوں کے بارے میں تاحال کوئی علم نہیں ہے۔