لاہور: وزیر بحری امور علی زیدی نے کہا ہے کہ ہماری حکومت میں ملکی برآمدات میں اضافے کی وجہ سے کنٹینرز بھی اب کم پڑ گئے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق علی زیدی نے لاہور چیمبر آف کامرس میں خطاب کرتے ہوئے کنٹینرز کے کرایوں میں اضافے کی وجہ بتائی کہ طلب و رسد کے سبب اس میں اضافہ ہوا۔
واضح رہے کہ سینیٹ انتخابات کے بعد وزیر اعظم کی جانب سے اعتماد کے ووٹ کے لیے جاری سرگرمیوں کے دوران کسی بھی رکن کو اسلام آباد چھوڑنے کی اجازت نہیں ہے، وفاقی وزیر نے خطاب کے دوران بتایا کہ اگرچہ کسی کو اسلام آباد چھوڑنے کی اجازت نہیں لیکن میں خصوصی اجازت لے کر لاہور آیا ہوں۔
علی زیدی نے کنٹینرز کے درپیش مسئلے پر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں 5 ٹرمینلز پر کنٹینرز کی لوڈنگ اَن لوڈنگ ہوتی ہے، اور جتنے بھی کنٹریکٹرز ہیں، وہ حکومت کے نہیں ہیں، کنٹینرز کے کرایوں میں اضافہ ڈیمانڈ اینڈ سپلائی کی وجہ سے ہے۔
وفاقی وزری بحری امور کا کہنا تھا کہ کرونا کی وجہ سے دنیا بھر میں ٹریڈ کم ہو رہی ہے، لیکن ملکی برآمدات میں اضافے کی وجہ سے کنٹینرز کم پڑ گئے ہیں، حکومت نے پی این ایس سی کے جہازوں کی تعداد بھی 9 سے 11 کر دی ہے۔
انھوں نے کہا 1970 سے کنٹیرز پورٹ پر ہیں جن کی آج تک نیلامی نہیں ہوئی، پرانے کنٹینرز کی اب ہم نیلامی کرنے جا رہے ہیں، ہمارے دور میں کسی رعایتی پورٹ ٹرمینل کے معاہدے پر دستخط نہیں ہوئے، حکومت کاروباری آسانیوں کے حوالے سے اقدامات اٹھا رہی ہے۔
قبضہ مافیا کے حوالے سے علی زیدی نے کہا کہ لوگوں نے زمین کنٹینرز کے لیے لی لیکن پھر اس پر اپارٹمنٹس بنا لیے، کے پی ٹی کی ان زمینوں پر قبضہ چھڑانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔