راولپنڈی: واہ کینٹ کے علاقے میں عامل نے 16 سالہ مرید کو قتل کردیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق عامل سرور شاہ نے تلخ کلامی پر مرید کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کردیا، مرید ناصر حسین کی لاش بل درگاہ کے قریب سے برآمد ہوئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مرید 2 روز سے گھر سے لاپتا تھا، 16 سالہ نوجوان کو کلہاڑی کے وار کرکے قتل کیا گیا۔
مقتول کے لواحقین نے لاش سڑک پر رکھ کر ملزم کی گرفتاری کے لیے احتجاج ریکارڈ کروایا۔
بعدازاں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم عامل سرور شاہ کو حراست میں لے لیا۔
مزید پڑھیں: جعلی عامل نے خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا
پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوان کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے کہ جبکہ ملزم سے تحقیقات جاری ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں پنجاب کے ضلع چنیوٹ میں جعلی عامل نے خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنایا تھا، خاتون مبینہ طور پر جعلی عامل احمد علی سے تعویز لینے گئی تھی، تعویز کے بہانے عامل نے خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔
سماجی حلقوں نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) سے جعلی عامل کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا تھا۔