دوحہ: وزیر داخلہ پاکستان شیخ رشید احمد نے قطر کے وزیر اعظم خالد بن خلیفہ سے ملاقات کی، دو طرفہ تعلقات اور تجارت کے فروغ پر تبادلہ خیال کے ساتھ ساتھ شیخ رشید نے انھیں وزیر اعظم پاکستان کا خصوصی مراسلہ بھی پہنچایا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ شیخ رشید دو روزہ سرکاری دورے پر قطر میں موجود ہیں، آج انھوں نے قطری وزیر اعظم خالد بن خلیفہ سے ملاقات کی، جس میں پاک قطر دو طرفہ تعلقات اور تجارت کے فروغ پر گفتگو کی گئی۔
شیخ رشید نے قطر میں پاکستانی مین پاور بڑھانے اور داخلی سلامتی کے امور پر وزیر اعظم کے ساتھ گفتگو کی، انھوں نے کہا افغانستان کے پائیدار امن میں قطر کا کردار مثالی ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا افغانستان میں پائیدار امن پاکستان اور قطر کا دیرینہ مقصد ہے، افغان امن میں اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ کامیاب مذاکرات کا سہرا قطر کے سر ہے۔
وزیر داخلہ سرکاری دورے پر قطر پہنچ گئے
قطری وزیر اعظم نے تجارت کے حوالے سے کہا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان تجارت بڑھانے کا بے پناہ اسکوپ ہے، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بہت دیرینہ ہیں۔
دریں اثنا، شیخ رشید نے قطر کے وزیر اعظم کو وزیر اعظم عمران خان کا خصوصی مراسلہ پہنچایا، اور قطر کے عوام کے لیے وزیر اعظم عمران خان کا خیر سگالی کا پیغام دیا۔
واضح رہے کہ شیخ رشید گزشتہ روز قطر کے دو روزہ سرکاری دورے پر دوحہ پہنچے تھے، آج انھوں نے ملی پول (Milipol) قطر بین الاقوامی نمائش میں بھی شرکت کی، اور پاکستانی نمائشی اسٹال کا دورہ کیا۔