کراچی: سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ کا کہنا ہے کہ کتے سندھ حکومت نے نہیں مارے بھگت ہم رہے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ نے سندھ اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں بتایا جائے کتوں والے معاملے کو کون دیکھے گا، اس حوالے سے جو رقم خرچ ہوچکی ہے وہ کہاں خرچ ہوئی، کتوں نے لاکھوں بچوں کو کاٹا ہے، ویکسین کوئی نہیں ہے۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ ہمارا کتوں سے کوئی واسطہ نہیں ہے یہ جانے اور کتے جانیں، کتے نیوٹرل کرنے کے لیے جو فنڈز ملے کہاں گئے بتایا جائے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ حکومتی ایم پی ایز کے پاس ٹی ایم ایز ہیں اپوزیشن کے پاس کیا ہے، کتے کس نے مارنے ہیں بتایا جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سندھ ہائیکورٹ نے کتا مار مہم کی نگرانی نہ کرنے اور سگ گزیدگی (کتے کے کاٹے) کے بڑھتے ہوئے واقعات پر رتوڈیرو اور جامشورو کے اراکین سندھ اسمبلی کو معطل کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے اپنے تحریری حکم میں صوبائی الیکشن کمیشن کو اراکین کی معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ جس علاقے میں سگ گزیدگی کا واقعہ پیش آیا وہاں کے رکنِ سندھ اسمبلی کے خلاف کارروائی ہوگی۔
عدالت نے سیکریٹری صحت کو سندھ کے اسپتالوں میں موجود اینٹی ریبز ویکسین کی موجودگی کے حوالے سے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔