پشاور : وزیر اعلی ہاؤس خیبرپختونخوا کے چھ ملازمین میں کوروناوائرس کی تشخیص ہوگئی ، جس کے بعد وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے معمول کی سرگرمیاں محدود کردیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی ہاؤس خیبرپختونخوا کے چھ ملازمین کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ، جس کے بعد وزیر اعلی ہاؤس کے تمام ملازمین کے لیےکورونا ٹیسٹ لازمی قرار دیتے ہوئے عام ملاقاتیوں کی آمد پر مکمل پابندی عائد کردی ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ملازمین میں کورونا کی تصدیق کے بعد وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے معمول کی سرگرمیاں محدود کردیں اور منتخب عوامی نمائندوں کے ملاقاتوں کا سلسلہ بھی محدود کردیا۔
وزیر اعلی ہاؤس کے ترجمان کے مطابق معمول کے سرکاری اجلاس ویڈیو لنک کے ذریعے منعقد کئے جائیں گے اور وزیراعلیٰ ہاؤس میں اجلاسوں میں احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل یقینی بنایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ کےپی محمود خان کا کہنا ہے کہ کورونا وبا کی شدت میں تشویشناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے، عوام احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد اور فیس ماسک کے استعمال کو یقینی بنائیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے والوں میں وزیراعلی کا کوئی قریبی ملازم شامل نہیں، وزیراعلی کے انتہائی قریبی افراد کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں، قریبی افراد میں پی ایس او ، پریس سیکرٹری ،ایس او اور پرسنل ویٹر شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق کورونا کا شکار ہونے والوں میں وزیراعلی ہاوس کا باروچی ، آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کا ایک اہلکار اور ٹیلی فون ایکسچینج کا بھی ایک اہلکار کورونا وائرس کا شکار ہوا۔