اتوار, مئی 19, 2024
اشتہار

پاپ کوئن نازیہ حسن کا انور مقصود کو دیا گیا یادگار انٹرویو، ویڈیو وائرل

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : پاکستان کی سب سے پہلی پاپ گلوکارہ نازیہ حسن مرحومہ نے ایک یادگار انٹرویو میں کہا تھا کہ لڑکیوں کیلئے تعلیم بے حد ضروری ہے، بعد میں چاہے کچھ بھی کریں۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹا گرام پر کی گئی ایک پوسٹ میں پاپ کوئین نازیہ حسن مرحومہ کا معروف میزبان و مصنف انور مقصود کو دیا گیا انٹرویو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہا ہے۔

اس انٹرویو کی ایک خاص بات یہ ہے کہ نازیہ حسن معاشرے کی لڑکیوں میں تعلیم کی اہمیت سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کررہی ہیں۔

- Advertisement -

انور مقصود کی جانب سے پوچھے ایک سوال میں کہ آپ جس عمر میں ہیں، اس عمر کی لڑکیاں تو چوڑیاں جمع کرتی ہیں، گھروندے بناتی ہیں اور شہزادوں کے خواب دیکھتی ہیں، آپ میں اِن سب چیزوں کا شوق نہیں پایا جاتا یا پھر آپ کو وقت ہی نہیں ملتا کہ وہ اس بارے میں سوچیں؟

اس سوال پر نازیہ حسن کا شائستگی سے جواب دیتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ سب باتیں وہ بھی سوچتی ہیں مگر انہیں اپنی تعلیم سے بہت لگاؤ ہے اور وہ ہمیشہ یہی سوچتی ہیں کہ آپ کا چاہے زندگی گزارنے کا انداز مشرقی ہو یا مغربی، اُن کے خیال میں ہر انسان کو پہلے اپنی تعلیم پر توجہ دینی چاہیے، خصوصاً لڑکیوں کو پہلے اپنی تعلیم مکمل کرنی چاہیے اور اپنے پاؤں پر کھڑا ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم بہت ضروری ہے، پھر چاہے انسان جو چاہے اپنے خواب پورے کرتا رہے مگر پہلے تعلیم کو فوقیت دینی چاہیے۔

واضح رہے کہ برصغیر پاک و ہند میں پاپ موسیقی کو غیرمعمولی شہرت بخشنے والی خوبصورت گلوگارہ نازیہ حسن کے پرستار آج ان کی 56 سالگرہ منا رہے ہیں، صدارتی ایوارڈ یافتہ نازیہ حسن 3 اپریل 1965ء کو کراچی میں پیدا ہوئیں۔

مسکراتے چہرے، دلفریب انداز اور سریلی آواز کی مالکہ نازیہ حسن نے اپنے کیریئر کا آغاز پی ٹی وی کے پروگرام کلیوں کی مالا سے کیا۔

انہوں نے 80 کی دہائی میں موسیقی میں مغربی انداز متعارف کروایا جسے پاکستانی نوجوان نسل کے ساتھ بیرون ملک بھارت، امریکہ، عرب امارات، لاطینی امریکہ سمیت دنیا بھر میں بھرپور پزیرائی حاصل ہوئی۔ نازیہ حسن سال 2000ء میں35 سال کی عمر میں ہی رضائے الٰہی سے انتقال کرگئی تھیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں