فیصل آباد : الائیڈ اسپتال کے سیکیورٹی سپروائزر کی سرپرستی میں خون کی فروخت کرنے والا ایک ملزم پولیس نے گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر فیصل آباد میں خون کی فروخت کا سلسلہ الائیڈ اسپتال کے سیکیورٹی سپروائزر کی سربراہی میں جاری تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خون کی فروخت سے متعلق تھانہ سول لائن میں مقدمہ درج ہونے پر ایک ملزم کو گرفتار کیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اسپتال کے ڈاکٹر بلال نے ملزم عامر کو مسافر خانے میں خون بیچتے پکڑا تھا، جس پر ملزم عامر نے ڈاکٹر سے ہاتھا پائی کی اور دھمکیاں بھی دیں بعدازاں بیگ پھینک کر فرار ہوگیا۔
ڈاکٹر نے بیگ کی تلاشی لی تو بیگ میں سے خون کی پانچ بوتلیں، اسپتال کی سلپ اور سناختی کارڈ برآمد ہوا، جس کے بعد ڈاکٹر نے واقعے کا مقدمہ درج کرایا۔
ڈاکٹر نے مقدمے میں سپر وائزر اعظم، عامر، شہزادی اور تین نامعلوم افراد کو ملزمان نامزد کیا، مقدمہ درج ہونے کے بعد گرفتار ہونے والے ملزم شہزاد نے بتایا کہ سپروائزر اعظم خون کی بوتلیں اور کراس میچنگ کارڈ دیتا ہے۔