پشاور: خیبر پختون خوا کے چار ڈویژنز میں ویڈیو لنک سہولت والے چائلڈ پروٹیکشن کورٹس کا افتتاح کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس قیصر رشید خان نے آج کے پی میں بچوں کی مزید 4 عدالتوں کا افتتاح کیا۔
سوات، کوہاٹ، بنوں اور ڈی آئی خان میں چار نئے چائلڈ پروٹیکشن کورٹس کے آغاز سے خیبر پختون خوا میں چائلڈ کورٹس کی تعداد 8 ہوگئی ہے۔
صوبے میں چائلڈ پروٹیکشن کی پہلی عدالت پشاور میں 2019 میں بنی تھی، اس کے بعد مردان، ایبٹ آباد، اور نئے ضم شدہ اضلاع مہمند میں چائلڈ کورٹ کا قیام عمل میں آیا، جس کا افتتاح اس وقت کے چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ (مرحوم) جسٹس وقار احمد سیٹھ نے کیا تھا۔
افتتاح کے موقع پر رجسٹرار پشاور ہائی کورٹ خواجہ وجیہہ الدین نے کہا نئے چائلڈ کورٹس پشاور ہائی کورٹ نے اپنی مدد آپ کے تحت شروع کیے ہیں اور ان تمام چائلڈ کورٹس میں ویڈیو لنک کی سہولت بھی موجود ہے۔
انھوں نے بتایا کہ پورے ملک میں خیبر پختون خوا میں سب سے زیادہ 8 چائلڈ کورٹس ہیں، ہماری کوشش ہے کہ تمام اضلاع میں چائلڈ کورٹس بنائے جائیں، تاکہ عوام کو جلد اور فوری انصاف کی فراہمی ممکن ہو سکے۔