کراچی: پاکستان آنے والے مسافروں کے لیے پاس ٹریک ایپلیکیشن پر رجسٹریشن سے متعلق ایئرلائنز آپریٹر کمیٹی نے مبینہ تحفظات کا اظہار کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ایئرلائنز آپریٹر کمیٹی نے سول ایوی ایشن اتھارٹی(س اے اے) کو وضاحت کے لیے مراسلہ ارسال کر دیا۔ ڈائیریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ کو لکھے گئے مراسلے میں تحفظات پر وضاحت طلب کی گئی ہے۔
ایئر لائنز آپریٹر کمیٹی نے اپنے مراسلے میں کہا ہے کہ پاس ٹریک پر لازمی رجسٹریشن کی شرط سے ایئرلائنز کو مختلف مسائل کا سامنا ہے، اگر کسی ایئرپورٹ پر انٹر نیٹ وائی فائی کی سہولت نہ ہو یا ویب پورٹل کام نہ کررہا ہو تو اس صورت میں کیا کیا جائے؟ وائی فائی اور پورٹل کی عدم دستیابی پر مسافر کو سفر کی اجازت ہوگی یا نہیں؟۔
مراسلے میں سوال اٹھایا گیا ہے کہ معذور افراد کو پاس ٹریک کی رجسٹریشن سے استثنی ہے، مگر معذور کی تعریف کیا ہوگی؟ کیا پاس ٹریک ایپ رجسٹریشن 12 سال سے کم عمر مسافروں پر بھی لاگو ہوگی؟۔
پاکستان آنے والوں کیلیے نئی شرائط، ایپ متعارف
ایئر لائنز آپریٹر کمیٹی نے سی اے اے سے یہ بھی استفسار کیا کہ سفارت کاروں کو پاس ٹریک سے استثنی کیا صرف سفارتی پاسپورٹ پر حاصل ہوگا؟ جو مسافر اسمارٹ فون استعمال کرنا نہیں جانتے ان کی سہولت کے لیے کیا اقدامات اٹھائے گئے ہیں؟۔
خیال رہے کہ 15 اپریل کو سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بیرون سے پاکستان آنے والوں کے لیے ‘پاس ٹریک’ نامی ایپلیکیشن متعارف کروائی ہے، جس میں مسافر کو اپنی سفری معلومات اور صحت سے متعلق تمام معلومات آن لائن درج کروانا ہوں گی، ایپلیکیشن کے ذریعے درج معلومات کے بعد ہی مسافر کو پاکستان آنے کی اجازت ہوگی۔