ریاض: سعودی محکمہ صحت کے اہلکاروں کی جانب سے کوروناویکسین لگوانے سے انکار پر قانونی کارروائی کے لیے تادیبی کمیٹی کے حوالے کردیے گئے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی محکمہ صحت جدہ کے عملے کے کئی اہلکاروں نے بغیر کسی معقول جواز کے کورونا ویکسین کی خوراکیں لینے سے منع کردیا تھا جس پر محکمے نے ایکشن لیا۔
محکمہ صحت جدہ کے ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ یہ بات نوٹ کی گئی تھی کہ اہلکار کوروناویکسین لینے سے گریز کررہے ہیں، تحقیقات سے پتا چلا کہ وہ جان بوجھ کر ویکسین لگوانا نہیں چاہتے۔
انہوں نے کہا کہ صحت کے اہلکاروں کا فرض ہے کہ وہ اپنی اخلاقیات کی پابندی کریں۔
کوروناویکسینیشن: سعودی عرب میں اہم سوالات کے جواب!
خیال رہے کہ سعودی عرب میں کورونا مریضوں کے علاج میں حصہ لینے والا عملہ کورونا ویکسین لینے کا پابند ہے، تاہم اگر کوئی معقول صحت عذر ہو تو الگ بات ہے۔
سعودی محکمہ صحت کا کہنا تھا کہ کورونا ویکسین لگوانے والے وبا سے محفوظ ہوجاتے ہیں۔ صحت کے عملے کیلئے اس لیے بھی کورونا ویکسین لازمی قرار دی گئی ہے کیوں کہ وہ وبا کے علاج میں فرنٹ لائن پر ہیں۔