ریاض / روالپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ چار روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجودہ چار روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کے سعودی عرب کے دارالحکومت پہنچنے پر سعودی اعلیٰ عسکری قیادت سمیت پاکستانی سفیر جنرل (ر) بلال اکبر اور ڈیفنس اتاشی برگیڈیئر ہارون راجہ نے ان کا استقبال کیا ۔
چیف آف آرمی اسٹاف اس دورے کے دوران عمرہ ادائیگی کے ساتھ روضۂ رسول ﷺ پر حاضری بھی دیں گے، جبکہ وہ سعودی عرب کی سول ملٹری قیادت سے بھی اہم ملاقاتیں کریں گے، جس میں دونوں ممالک کے مابین دفاعی، سکیورٹی تعاون و باہمی دلچسپی کے امور سمیت خطے کی سکیورٹی صورتحال پر بھی بات چیت کی جائے گی۔
ایئرپورٹ پر پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی بھی موجود تھے۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب ، سعودی جیلوں میں قید سیکڑوں پاکستانیوں کی رہائی کا اعلان متوقع
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان بھی وفاقی وزرا کے ہمراہ جمعے کے روز سرکاری دورے پر سعودی عرب روانہ ہوں گے، جہاں وہ سعودی حکام سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔
وزیراعظم کے ساتھ وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواہد چوہدری اور مشیر خصوصی علامہ طاہر اشرفی بھی موجود ہوں گے۔
قبل ازیں سعودی عرب میں تعینات ہونے والے پاکستانی سفیر لیفٹینٹ جنرل (ر) بلال اکبر نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے دوران خیر سگالی جذبات کے تحت سعودی جیلوں میں مقید پاکستانیوں کو رہا کیا جائے گا۔ پاکستانی سفیر نے وضاحت کی کہ کم سزاؤں یا چھوٹے جرائم میں قید پاکستانیوں کو رہائی ملے گی۔
دوسری جانب وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان 25ویں روزے کو سعودی عرب روانہ ہوں گے، جہاں وہ سعودی قیادت سے ملاقاتیں اور عمرے کی سعادت حاصل کریں گے۔
مزید پڑھیں: سعودی عرب میں پاکستانی سفیر کا ہم وطنوں کیلیے اہم پیغام
اپنے دورہ سعودی عرب کے موقع پر وزیراعظم پاکستان ملک وقوم اور امت مسلمہ کے لئے خصوصی دعائیں کریں گے۔
فواد چوہدری کا پریس کانفرنس کے دوران کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ سعودی عرب انتہائی اہم ہے، اس سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ سعودی عرب پہلے سے ہی شیڈول ہے، وہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی خصوصی دعوت میں سعودی عرب کا دورہ کرنے جا رہے ہیں۔