نئی دہلی: انڈین فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ کنگنا رناوت کے خلاف نفرت انگیز تقاریر پر مقدمہ درج کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا سائٹ ٹویٹر کی پالیسی کی خلاف ورزی پر اکاؤنٹ معطل کروانے والی اداکارہ کنگنا رناوت کے خلاف اب مغربی بنگال میں نفرت انگیز پروپگینڈا کرنے پر ایف آئی آر درج کر لیا گیا۔
یہ ایف آئی آر ایک کارکن اور ترجمان رجو دتہ نے درج کروائی ہے جس نے یہ بھی الزام لگایا تھا کہ کنگنا نے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بینرجی کے امیج کو نقصان پہنچایا ہے اور انھیں بدنام کرنے کی کوشش کی ہے، درخواست میں انھوں نے اداکارہ کے خلاف ضروری کارروائی کرنے کی اپیل کی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کنگنا رناوت نے مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بینرجی سے متعلق مضحکہ خیز گفتگو کی تھی، جس پر درخواست گزار نے استدعا کی تھی کہ اداکارہ کے خلاف نفرت آمیز پروپگینڈے سے مغربی بنگال میں اشتعال کو ہوا دینے کے سلسلے میں ان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔
نفرت آمیز ٹویٹس: بھارتی ڈیزائنرز نے کنگنا رناوٹ کا بائیکاٹ کردیا
درخواست گزار کا کہنا تھا کہ اداکارہ نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ سے اس سلسلے میں متعدد پوسٹس کیں۔
خیال رہے کہ بنگال میں پولنگ کے بعد ہونے والے تشدد پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کنگنا نے بنگال کی وزیر اعلیٰ کو براہ راست نشانہ بنایا تھا جس پر یہ کارروائی کی گئی، ان کے ٹویٹس کے بعد کنگنا کا ٹویٹر اکاؤنٹ معطل کر دیا گیا تھا، جس کے بعد انھوں نے انسٹاگرام پر پوسٹ کرنا شروع کر دیا۔