کویت سٹی: کویتی حکام کا کہنا ہے کہ غیر ملکی گھریلو ملازمین پانچ مقامات سے کویت میں داخل ہو سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کویت بین الاقوامی ہوائی اڈے کے سرکاری ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ 20 نمبر ویزا رکھنے والے گھریلو ملازمین کی کویت ریاست میں واپسی کی سہولت کے لیے ’بلسلامہ‘ پلیٹ فارم میں 5 نئے شہر شامل کر دیے گئے ہیں۔
حکام نے اسپانسرز اور ٹریول آفسز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اڈیس ابابا، استنبول، ابوظبی، دبئی اور شارجہ سے گھریلو ملازمین کی کویت واپسی کے لیے فلائٹ ٹکٹ کے ساتھ پیکجز بک کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ کویتی صحت حکام نے بھارت سے کویت آنے والے مسافروں کے داخلے پر حال ہی میں پابندی لگائی ہے، تاہم وہ ایک غیر ممنوعہ ملک میں 14 دن تک قیام کرنے کے بعد کویت میں داخل ہو سکتے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ گھریلو ملازمین کی واپسی کے لیے راستے کھلے ہیں، اور وہ متعدد مقامات سے کویت میں داخل ہو سکتے ہیں لیکن انھیں صحت کے حوالے سے ہدایات کی مکمل اور سخت پیروی کرنی ہوگی۔
بلسلامہ پلیٹ فارم نیشنل ایوی ایشن سروسز کمپنی (این اے ایس) کا قائم کردہ ہے، جس کے تحت ایک مقررہ قیمت پر براہ راست پروازوں کے ذریعے کویت میں داخل ہوا جا سکتا ہے، اس میں 3 پی سی آر ٹیسٹ، کھانے اور ادارہ جاتی قرنطین کے لیے مخصوص مقامات شامل ہیں، اور اس پیکج کی قیمت میں کوئی رد و بدل نہیں کیا جاتا۔