کراچی: حکومتِ سندھ نے شہرقائد میں لاک ڈاؤن کے دوران مزید سختی کا فیصلہ کرلیا جس کے بعد پولیس نے فیصلے پر بھرپور عمل درآمد کرانے کے لیے حکمت عملی تیار کرلی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس حکام نے خبردار کیا ہے کہ شہر میں رات 8 بجے کے بعد گھر سے غیرضروری نکلنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا اور ان کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، شہر کی اہم شاہراہوں پر رکاوٹیں اور پکٹس لگائیں گے، رات آٹھ بجے کے بعد عوام غیر ضروری باہر نہ نکلیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ناکوں پر غیرضروری نکلنے والوں کو روکا جائے گا۔
کراچی میں مارکیٹوں، ہوٹل اور پارکس کے اطراف پولیس گشت ہوگا، سینئر پولیس افسران خود اضلاع کا دورہ کریں گے، لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔
کراچی کے شہریوں پر رات 8 بجے کے بعد غیرضروری گھومنے پر پابندی، نیا حکم نامہ جاری
حکام نے متنبہ کیا کہ اسپتال یابیماری کا جھوٹ بولنے والوں کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔
خیال رہے کہ آج صبح کورونا ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا جس کے بعد سندھ حکومت نے شہر قائد میں لاک ڈاؤن مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ نے نیا حکم نامہ بھی جاری کردیا ہے۔ جس کا اطلاق کل سے کیا جائے گا۔ حکم نامے میں کہا گیا کہ شہریوں کو رات 8 بجےکے بعد غیرضروری گھومنے کی اجازت نہیں ہوگی۔