پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز کے لیے جنوبی افریقا اور بھارت سے آنے والی پروازوں کو یو اےای میں لینڈنگ کی اجازت مل گئی۔
پاکستان سے کھلاڑیوں اور عملے کے 150 سے زائد افراد کو لے کر خصوصی پروازیں ابوظبی پہنچ چکی ہیں اور اب دیگر غیرملکی کھلاڑیوں اور عملے کو لانے والی پروازوں کو بھی ابوظبی میں لینڈ کرنے کی اجازت مل گئی ہے۔
پرواز میں بھارتی اور جنوبی افریقی شہریوں کے علاوہ کھلاڑی بھی شامل ہیں۔ پروازوں میں براڈ کاسٹ کریو بھی موجود ہے۔
پاکستان میں رہ جانے والے افراد کو ویزے ملتے ہی چارٹرڈفلائٹ کوحتمی شکل دی جائے گی اور ٹورنامنٹ کے شیڈول کا اعلان آئندہ 2 روز میں کردیا جائے گا۔
اماراتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے تمام تر یقین دہانیوں کے باوجود پی ایس ایل سکس میں حصہ لینے والے کھلاڑی اور آفیشلز کی مشکلات کم نہ ہوسکی ہیں.
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کےکپتان سرفراز احمد کو تاحال ابوظبی کاویزا نہ مل سکا ہے، اس کے ساتھ ساتھ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے فاسٹ بولرمحمدحسنین بھی اسی طرح کی مشکلات کا شکار ہیں۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق فی الحال لاہور اور کراچی کے ہوٹلز میں موجود پچیس افراد کو تاحال ویزے نہیں ملے، یہ تمام افراد فی الحال بائیو سیکیور ببل میں ہی رہیں گے، ویزوں کے اجراء پر ان تمام افراد کو علیحدہ چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعے ابوظہبی پہنچایا جائے گا۔