کولمبو : سری لنکن کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے سینئر کھلاڑیوں کو ٹیم میں واپسی کی نوید سنا دی۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق سری لنکن کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ نے سینئر کھلاڑیوں کی ٹیم میں واپسی سے متعلق بات بنگلا دیش میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ایک ایسا راستہ دیکھا ہے کہ جس سے ہم سینئر کے بغیر آگے بڑھ سکتے ہیں لیکن سینئر کھلاڑی اپنی کارکردگی کی بنیاد پر کسی بھی وقت ٹیم میں واپس آسکتا ہے، ٹیم کے دروازے کسی بھی سینئر پر بند نہیں ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم میں مڈل آرڈر میں تھوڑی کمی آئی ہے لیکن ہمارے پاس کشل مینڈس اور کشل پریرا جیسے کچھ سینئر کھلاڑی ابھی باقی ہیں۔
مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ ڈک ویلا اور دھننجے ڈی سلوا بھی قابل بھروسہ ہیں انہوں نے بھی اچھا کھیل پیش کیا ہے۔
دوران میچ نامناسب زبان کا استعمال تمیم اقبال کو مہنگا پڑ گیا
واضح رہے کہ گزشتہ روز سری لنکا نے تین ون ڈے میچوں کی سیریز کے آخری مقابلے میں بنگلہ دیش کو شکست دی تھی۔
سری لنکا نے ورلڈ کپ سپر لیگ کا اپنا پہلا میچ جیتا اور دس پوائنٹس حاصل کیے، بنگلہ دیش نے دو ایک سے سیریز اپنے نام کی، آئی سی سی ورلڈ کپ سپر لیگ میں بنگلہ دیش پچاس پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔