بھارت کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنما نے دعویٰ کیا ہے کہ مودی حکومت نے 7 سال میں ملک کو مکمل تباہ و برباد کردیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق کانگریس کے شعبہ مواصلات کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے مودی حکومت کی دوسری مدت کے دوسال مکمل ہونے پر جمعہ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حکومت کے خلاف چارج شیٹ جاری کی۔
انہوں نے کہا کہ کہا مودی حکومت کے سات برس میں ملک ’ ارتھ ویوستھا گرت ویوستھا ‘ بن گئی ہے۔ بھارت نے گزشتہ سات دہائیوں میں جو ترقی کی تھی مودی حکومت نے اسے سات برسوں میں تباہ کردیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ ’مودی حکومت نے معیشت کو تباہ کیا، نوجوانوں کو بے روزگار کیا، یہی وجہ ہے کہ 45 برسوں میں بے روزگاری کی شرح سب سے زیادہ ہے‘۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت میں مہنگائی عروج کو پہنچ گئی ہے، مہنگائی نے لوگوں کی کمر توڑ دی اور اس کی وجہ سے چاروں طرف افرا تفری پھیلی ہوئی ہے۔
کانگریس رہنما نے کہا کہ اشیائے خوردونوش کی قیمتیں آسمان چھو رہی ہیں۔ پٹرول 100 لیٹر اور سرسوں کا تیل 200 روپے فی لیٹر کو عبور کرچکا ہے، 2014 میں جب پہلی بار مودی حکومت برسر اقتدار آئی تھی، تو پیٹرول تقریبا 71 روپے اور ڈیزل 55 روپے فی لیٹر پر فروخت ہورہا تھا لیکن آج پٹرول 102 روپے اور ڈیزل 94 روپے پر پہنچ گیا ہے۔
کانگریس کے ترجمان نے کسانوں کے معاملے پر بھی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’مودی حکومت تکبر کرنے والی ہے اور ملک کے کسانوں پر بھی حملہ آور ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مودی، کسان کو اس کی فصل پر لاگت کا 50 منافع دینے کا وعدہ کرکے اقتدار میں آئے تھے لیکن اقتدار حاصل کرنے کے بعد انہوں نے وعدوں کی تکمیل کے بجائے کسانوں پر حملہ کیا اور متنازع زرعی قوانین کو پارلیمنٹ سے منظور کروایا۔