پیر, اپریل 21, 2025
اشتہار

فیکٹ چیک: 2012 سے اب تک کتنی بار مسٹر بین کی موت ہوئی

اشتہار

حیرت انگیز

دنیا بھر میں لوگوں کے چہرے پر ہنسی اور مسکراہٹیں بکھیرنے والے برطانوی اداکار روون اٹکنسن کی موت کے حوالے اب تک متعدد خبریں سامنے آچکی ہیں۔

ایک بار پھر ’مسٹر بین‘ کے کردار سے شہرت پانے والے برطانوی اداکار روون اٹکنسن کی موت کے حوالے سے جھوٹی خبر سامنے آئی جس پر ان کے مداحوں نے مایوسی اور افسردگی کا اظہار کیا۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک برس کے دوران سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر مسٹر بین کے نام سے بنائے گئے پیجز سے روون اٹکنسن کی موت کے حوالے سے متعدد بار خبریں شیئر ہوچکی ہیں۔

مسٹر بین کی موت کی حالیہ خبر 29 مئی 2021 کو مسٹر بین کے نام سے بنائے گئے جعلی فیس بک پیجز سے شیئر ہوئی، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ’6 جنوری 1955 کو پیدا ہونے والے مشہور برطانوی اداکار روون اٹکنسن 29 مئی 2021 کو انتقال کرگئے‘۔

مذکورہ خبر پیج سے ڈیلیٹ ہونے سے قبل 7 ہزار سے زائد مرتبہ شیئر ہوچکی تھی۔

مسٹر بین کی موت کی خبر جعلی پیجز پر شائع ہوتے ہی ان کے مداحوں کی جانب سے تبصروں کی صورت میں غم و افسردگی کا اظہار کیا جانے لگا۔

ایک مداح نے لکھا کہ ’ریسٹ ان پیس، بچپن کی شاندار یادوں کےلیے شکریہ مسٹر بین‘ جب کہ ایک اور صارف نے کہا کہ ’مسٹر بین! ہم آپ کو کبھی نہیں بھول سکتے، آپ ہمیں بہت یاد آئیں گے‘۔

مسٹر بین کی موت کی خبر وائرل ہونے کے بعد ان کی روون اٹکنسن کی ٹیم نے یکم جون کو خبر کی تردید کرتے ہوئے بتایا کہ مسٹر بین زندہ ہیں۔

جعلی فیس بک پیجز

مزاحیہ اداکار کی موت کی خبر شائع کرنے والے تمام پیجز جعلی ہیں جو ان کے نام سے بنائے ہیں، اس پیج کو 29 مئی 2021 کو ہی بنایا گیا اور اسی دن ان کی موت کی خبر شائع کردی گئی۔

دوسری جانب برطانوی اداکار کا آفیشل فیس بک پیج 13 اپریل 2008 میں تشکیل دیا گیا تھا جو فیس بک کی جانب سے تصدیق شدہ اکاؤنٹ ہے، نیچے ہم اپنے قارئین کےلیے مسٹر بین کے نام سے بنائے گئے جعلی پیج اور آفیشل اکاؤنٹ کی تصویر اور لنک شیئر کررہے ہیں۔

خیال رہے کہ 1990 میں مسٹر بین کے کردار سے شہرت کی بلندیوں تک پہنچنے والے برطانوی اداکار روون اٹکنسن کے دنیا سے رخصت ہونے کی خبریں ماضی میں بھی بارہا وائرل ہوچکی ہیں۔

میڈیا اداروں کی جانب سے 2012، 2013، 2015، 2016، 2017 اور 2018 میں مزاحیہ اداکار کی موت کی خبروں کی تردید کی گئی تھی۔

اہم ترین

مزید خبریں