لاہور: ٹریفک پولیس نے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کا ڈرائیونگ لائسنس معطل کرنے کا فیصلہ کرلیا ، سی ٹی او لاہور نے کہا ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کوئی بھی رعایت کامستحق نہیں ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ٹریفک پولیس نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کی حوصلہ شکنی کیلئے سخت کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ون وے ٹریفک کی خلاف ورزی پر اب ڈرائیونگ لائسنس معطل ہوگا۔
چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہورمنتظرمہدی نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ شہر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کوئی بھی رعایت کامستحق نہیں ہوگا۔
منتظرمہدی نے ون وے ٹریفک کی خلاف ورزی خودکشی کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا خلاف ورزی کرنے والوں کو سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا ، اس سلسلے میں وارڈنز کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
یاد رہے رواں سال مارچ میں لاہور شہر میں ٹریفک کے لئے کابینہ کی کمیٹی نے لاپرواہ ڈرائیونگ اور حادثات کے واقعات کی حوصلہ شکنی کے لئے ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک خلاف ورزی جرمانے میں اضافے کی تجویز پیش کی تھی۔
پنجاب کے وزیر قانون راجہ بشارت نے اس اجلاس کی سربراہی کی، جس میں اس ترمیم کی منظوری دی گئی جس کا مطلب ہے کہ جو لوگ تیز رفتار ، ہیلمٹ نہیں پہنتے ، یا لین قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہیں، وہ چالان فیس میں زیادہ قیمت ادا کرنے کا پابند ہوگا۔