اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے قانون فروغ نسیم کا کہنا ہے کہ ٹیکس قوانین میں گرفتاری کی ترمیم کو واپس لیں گے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر برائے قانون فروغ نسیم نے سینیٹ میں اظٖہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ ایسا لائے ہیں جو سب کے لیے بہتر ہے، بجٹ میں کوئی عوام دشمن چیز نہیں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیر خزانہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ٹیکس قوانین میں گرفتاری کی ترمیم واپس ہوگی۔
فروغ نسیم کا کہنا تھا کہ نیا ٹیکس نہیں لگے گا ٹیکس نیٹ بڑھائیں گے، اگر بجٹ میں ایسی کوئی قانون سازی ہے تو اپوزیشن سامنے لے آئے۔
وزیر قانون کا کہنا تھا کہ حکومت نے کسی پر کیسز نہیں بنائے، نیب، ایف آئی اے، اینٹی کرپشن پنجاب نے کیسز بنائے ہیں، یہ تمام ادارے خود مختار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے نے خط میں شہباز شریف سے تفصیلات مانگی ہیں، نہ حکومت نے یہ خط لکھا ہے نہ ہی اس سے کوئی تعلق ہے۔
فروغ نسیم کا کہنا تھا کہ حکومت نے اعدادوشمار میں ردوبدل نہیں کیا، موجودہ اپوزیشن لیڈر خود کہہ چکے بری معیشت چھوڑ کر جارہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ معاشی حالت ایسی ہے حکومت اٹھ نہیں سکے گی۔