جیکب آباد: صوبہ سندھ کے ضلع جیکب آباد میں سیاہ کاری کے پرانے تنازعے نے تین جانوں کو نگل لیا۔
پولیس ذرائع سے ملنے والی معلومات کے مطابق واقعہ تھانہ دوداپور کی حدود میں واقع گاؤں قائم دین مندرانی میں پیش آیا، جہاں سیاہ کاری کے پرانے تنازعے پر مخالفین نے گھر پر فائرنگ کردی۔
فائرنگ کے نتیجے میں غلام مصطفیٰ، حق نواز اور قادن مندرانی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ ملزمان با آسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس جائے واردات پر پہنچی اور مقتولین کی لاشوں کو تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے تعلقہ اسپتال گڑھی خیرو منتقل کیا جبکہ ملزمان کی تلاش کے لئے پولیس پارٹی تشکیل دے دی، تاحال واقعہ کا مقدمہ درج ہوا اور نہ کوئی گرفتاری عمل میں آسکی ہے۔
واضح رہے کہ جیکب آباد میں آئے روز سیاہ کاری کے باعث فائرنگ کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں، رواں سال اپریل میں بھی جیکب آباد میں ملزم نے سیاہ کاری کے الزام لگا کر اپنی بیوی اور بھابھی کو قتل کردیا تھا۔
مارچ میں جیکب آباد کے مولاداد تھانے کی حدود میں واقع قصبہ علی مراد می ملزم شوہ رسہیل چانڈیو نے سیاہ کاری کے الزام می فائرنگ کرکے اپنی بیوی مسمات بختاور کو قتل کردیا تھا۔