ریاض: سعودی لیبرمارکیٹ میں ہنرمندوں کے پروفیشنل ٹیسٹ کا پہلا مرحلہ شروع ہوگیا، تدریجی طور پر ہر ادارے کے تکنیکی عملے کا پروفیشنل ٹیسٹ لیا جائے گا۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے یکم جولائی 2021 سے لیبر مارکیٹ میں ہنرمندوں کے پروفیشنل ٹیسٹ کے پہلے مرحلے کا آغاز کیا، ٹیسٹ کا آخری مرحلہ جنوری 2022 میں انجام دیا جائے گا، اس اقدام کا مقصد مارکیٹ میں قابل ملازمین کی جگہ بنانا ہے۔
نائب وزیر افرادی قوت عبداللہ ابو ثنین کا کہنا ہے کہ پیشہ وروانہ ٹیسٹ پروگرام کے تحت ایک ہزار سے زیادہ پیشوں کو 23 بڑے پیشوں میں ضم کردیا گیا ہے جہاں سب کے ٹیسٹ لیے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ پروفیشن ٹیسٹ کے 2 ٹریک مقرر کیے گئے ہیں، پہلے ہر ہنرمند کا پیشہ ورانہ ٹیسٹ ان کے اپنے ملک میں ہوگا، اس مقصد کے لیے انٹرنیشنل ٹیسٹ سینٹرز کا تعاون حاصل کیا گیا ہے، ٹیسٹ پاس کرنے والے ہنر مندوں کو سعودی ویزا جاری کیا جائے گا بصورت دیگر ممکن نہیں ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹیسٹ کا دوسرا مرحلہ سعودی عرب میں ہی طے پائے گا۔ پہلے مرحلے میں 3 ہزار سے زیادہ کارکنان والے بڑے اداروں اور کمپنیوں کے ہنرمندوں کا پروفیشن ٹیسٹ ہوگا، بعد ازاں مرحلہ وار دیگر چھوٹے ادارے اور کم ملازمین والے مراکز پر ٹیسٹ لیے جائیں گے۔
ورک ویزوں پر سعودی عرب آنے والے غیرملکی ہوجائیں تیار!
یاد رہے کہ سعودی عرب میں 7 مارچ 2021 کو وزارت خارجہ اور پیشہ ورانہ و تکنیکی ٹریننگ کے پبلک ادارے کے تعاون سے پروفیشن ٹیسٹ پروگرام جاری کیا گیا تھا۔