جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

سمنز اور پولارڈ نے پروٹیز بولنگ لائن کو تہس نہس کر ڈالا

اشتہار

حیرت انگیز

کوئنز پارک: سمنز اور جارح مزاج پولارڈ کی دھواں دھار بیٹنگ کے باعث ویسٹ انڈیز نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز بچالی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کوئنر پارک میں کھیلے گئے چوتھے ٹی ٹوئنٹی میچ میں جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جواب میں کالی آندھی نے مقررہ بیس اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنائے۔

ویسٹ انڈیز اوپنر لینڈی سمنز اور آل راؤنڈر کیون پولارڈ نے پروٹیز بولرز کا بھرکس نکال دیا، سمنز نے 34 گیندوں پر 47 رنز بنائے جبکہ کیون پولارڈ نے محض 25 بالز کا سامنا کرتے ہوئے 51 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، دونوں بلے بازوں نے مشترکہ طور پر نو چھکے لگائے،جنوبی افریقا کی جانب سے طاہر شمسی اور جارج لنڈے نے دو،دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں جنوبی افریقا کی ٹیم 164 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 146 رنز بناسکی، کپتان ڈی کوک کے 60 رنز بھی ٹیم کو فتح نہ دلاسکے، ویسٹ انڈیز کی جانب سے ڈیون براوو نے چار وکٹیں حاصل کیں، آیندرے رسل نے دو کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا، بہترین بلے بازی کے باعث کیون پولارڈ کو مین آف دی میچ سے نوازا گیا۔

ویسٹ انڈیز کی فتح کے بعد پانچ میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز 2، دو سے برابر ہوگئی ہے، سیریز کا آخری اور فیصلہ کن میچ کل کھیلا جائے گا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں