کراچی : گلبہار پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے انتہائی مطلوب گینگ وار کاشف دادا گروہ کا ٹارگٹ کلر کو گرفتار کرلیا اور گرفتار ملزم کے قبضے سے اسلحہ موٹرسائیکل برآمد کرلی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں گلبہار پولیس نے خفیہ اطلاع پر بڑی کارروائی کی ، کارروائی کے دوران گینگ وار کاشف دادا گروہ کے ٹارگٹ کلر کو گرفتارکرلیا اور ملزم نبیل حسن کے قبضے سے اسلحہ اور موٹرسائیکل بھی برآمد کرلیا۔
ایس ایس پی سینٹرل ملک مرتضی تبسم نے بتایا ملزم نے بھتہ نا دینے پر تاجر پر ایک گھنٹے میں 2 حملے کیے،مقتول شبیر رحمان نیشنل بینک میں ملازمت کے ساتھ کاروبار بھی کرتا تھا۔
ملک مرتضیٰ تبسم کا کہنا تھا کہ پہلا حملہ 1 جون کو گولیمار میں سینٹری دکان پر کیا ،حملے سے تاجر شبیر رحمان شدید زخمی ہوا ، زخمی تاجر شبیر کو بیٹا اور بھتیجا فورا اسپتال لے کر روانہ ہوئے، گینگ وار ملزمان نے پیچھا کیا اور لولین پل پر کار پر فائرنگ کی، فائرنگ سے زخمی تاجر سمیت بیٹا اور بھتیجا بھی زخمی ہوگئے، تاجر کا زخمی بیٹا کار چلاتا ہوا اسپتال پہنچا لیکن والد دم توڑ گئے۔
ایس ایس پی سینٹرل نے کہا کہ گرفتار ملزم ویسٹ اور سینٹرل میں ڈکیتی کی متعدد وارداتیں بھی کرچکا ہے، ملزم کے دیگر ساتھی پہلے ہی گرفتار ہوچکے ہیں، گرفتار ملزم سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔