وزیراعظم عمران خان نے آزادکشمیر الیکشن میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے تحریک انصاف کے 2 کارکنوں کے قتل پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی کو قاتلوں کی فوری گرفتاری کی ہدایت کردی۔
ٹوئٹر پر جاری بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ کشمیرالیکشن میں 2کارکنوں کےقتل پربہت دکھ ہوا، ظہیراحمد اور رمضان آپس میں کزن اورپی ٹی آئی کارکن تھے۔
وزیراعظم نے لکھا کہ مقتول کارکنوں کےاہلخانہ سےتعزیت کا اظہار کرتا ہوں، آئی جی کوہدایت کی قاتلوں کوفوری پکڑیں، اہلخانہ سےتعزیت کریں۔
آزادجموں وکشمیر کے کل کے انتخاب کے دوران ہمارے دو حامیوں، ظہیر احمد اور رمضان جو باہم کزنز تھے، کے قتل پر رنجیدہ ہوں۔ میری دعائیں اور ہمدردیاں ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں۔ میں نے آئی جی کو قاتلوں کی فوری گرفتاری اور لواحقین سے بھرپور اظہارِ ہمدردی کی ہدایات دی ہیں۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) July 26, 2021
پولنگ کے روز چڑھوئی میں فائرنگ سے پاکستان تحریک انصاف کے کارکن محمد ظہیر اور رمضان جاں بحق ہوئے تھے جبکہ سر پر ڈنڈے لگنے سے بھی ایک تحریک انصاف کارکن زخمی ہوا۔
ادھر ایل اے 14 غربی باغ کے پولنگ اسٹیشن میں جھگڑا ہوا اور پولنگ عملے کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
ذرائع کے مطابق نتھگراں گرلز مڈل اسکول میں ن لیگ، مسلم کانفرنس کے کارکنوں میں جھگڑا ہوا، جھگڑے کے بعد نتھگراں گرلز مڈل اسکول میں پولنگ مکمل طور پر روک دی گئی تھی۔