کراچی: کورونا وائرس میں مبتلا سابق ٹیسٹ کرکٹر صادق محمد کی حالت بگڑ گئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سابق ٹیسٹ کرکٹر کو طبیعت بگڑنے پر ایمرجنسی میں اسپتال منتقل کیا گیا، اہلخانہ نے صادق محمد کے فوری علاج کے لیے حکومت سے اپیل کی ہے۔
واضح رہے کہ صادق محمد لیجنڈ کرکٹر حنیف محمد کے چھوٹے بھائی ہیں، ان کے ایک اور بھائی مشتاق محمد نے بھی قومی ٹیم کی نمائندگی کی۔
پاکستان کی فرسٹ کلاس کرکٹ میں محمد فیملی کے تین بھائیوں کا ایک ساتھ کھیلنا معمول کی بات تھی البتہ چار فرسٹ کلاس میچز ایسے ہیں جن میں چاروں بھائی ایک ساتھ کھیلے۔
1960 میں حیدرآباد چیف کمشنر الیون اور فضل محمود الیون کے درمیان حیدرآباد میں کھیلے گئے میچ میں صادق محمد نے اپنے فرسٹ کلاس کریئر کا آغاز کیا تھا۔
وہ رئیس محمد اور مشتاق محمد کے ساتھ فضل محمود الیون میں شامل تھے جبکہ حنیف محمد کمشنر الیون کے کپتان تھے۔
1961 میں وزیر محمد کراچی بلیوز میں تھے جبکہ حنیف محمد، رئیس محمد اور مشتاق محمد کراچی وائٹس کی ٹیم میں شامل تھے۔
1962 میں وزیر محمد مشرقی پاکستان کی ٹیم کے کپتان تھے جبکہ حنیف محمد، مشتاق محمد اور رئیس محمد پی آئی اے کی ٹیم میں تھے۔
1963 میں قائداعظم ٹرافی کے فائنل میں وزیر محمد نے کراچی کی قیادت کی جبکہ پی ائی اے کی ٹیم میں حنیف محمد، مشتاق محمد اور صادق محمد شامل تھے۔